Why Michael H. Hart Ranked Prophet Muhammad #1 | Tarikh Ka Sab Se Moasser Shakhs Muhammad

تاریخ میں بہت سی عظیم شخصیات آئیں، جنہوں نے دنیا کے سیاسی، علمی اور مذہبی میدانوں پر گہرے اثرات چھوڑے۔ لیکن غیر مسلم مورخ مایکل ہارٹ کی مشہور کتاب “The 100: A Ranking of the Most Influential Persons in History” کے مطابق، حضرت محمد ﷺ کو انسانی تاریخ کی سب سے مؤثر شخصیت قرار دیا گیا ہے۔

Michael H. Hart’s ranking of Prophet Muhammad ﷺ as most influential


اس بلاگ میں ہم آپ ﷺ کی زندگی، دین اسلام کے قیام، عرب فتوحات، اور انسانی تاریخ پر آپ ﷺ کے مجموعی اثرات کا تفصیلی جائزہ پیش کریں گے، تاکہ یہ واضح ہو سکے کہ محمد ﷺ کی شخصیت کس طرح تاریخ کے ہر زاویے سے انسانی زندگی پر اثرانداز ہوئی۔

مائیکل ہارٹ - تعارف 


مایکل ہارٹ (Michael H. Hart) ایک امریکی مؤرخ، مصنف اور ریسرچر تھے، جنہیں سب سے زیادہ اپنی کتاب “The 100: A Ranking of the Most Influential Persons in History” کے لیے جانا جاتا ہے۔ ہارٹ نے دنیا کی تاریخ میں سب سے مؤثر شخصیات کی فہرست مرتب کی، جس میں انہوں نے مذہبی، سیاسی، سائنسی اور فلسفیانہ کرداروں کا تفصیلی تجزیہ کیا۔

مایکل ہارٹ 1932 میں پیدا ہوئے اور امریکہ میں تعلیم حاصل کی۔ انہوں نے فزکس اور ریاضی میں اعلیٰ تعلیم حاصل کی اور مختلف تعلیمی اداروں میں محقق کے طور پر کام کیا۔ ہارٹ کی دلچسپی انسانی تاریخ، سیاسی اثرات اور مذہبی شخصیات کے تجزیہ میں رہی۔

ہارٹ نے کئی تحقیقی منصوبوں پر کام کیا، مگر ان کی شہرت “The 100: A Ranking of the Most Influential Persons in History” (1978) کے بعد ہوئی۔ اس کتاب میں انہوں نے انسانی تاریخ کے 100 سب سے مؤثر افراد کی فہرست تیار کی، جس میں سیاستدان، فاتح، مذہبی رہنما اور سائنسدان شامل تھے۔


خاص طور پر، ہارٹ نے حضرت محمد ﷺ کو تاریخ کی سب سے مؤثر شخصیت قرار دیا، اس کی وجہ مذہبی اور سیاسی اثرات کا امتزاج اور عرب فتوحات پر ان کے قیادت کا کردار تھا۔ ان کا تجزیہ تاریخی اور معروضی نقطہ نظر سے کیا گیا، جس نے دنیا بھر میں مباحث اور تحقیق کو تحریک دی۔

مایکل ہارٹ کی کتاب دنیا بھر میں متعدد زبانوں میں ترجمہ ہوئی اور اس نے تعلیمی اور عوامی سطح پر بحث کو فروغ دیا۔ ہارٹ کے تجزیے نے تاریخ کے مطالعہ کو نہ صرف سیاسی اور فوجی کامیابیوں تک محدود رکھنے کے بجائے مذہبی اور سماجی اثرات کے ذریعے بھی انسانی اثر و رسوخ کو سمجھنے کا نیا زاویہ فراہم کیا۔

مایکل ہارٹ 2011 میں وفات پا گئے، مگر ان کا کام آج بھی تاریخی تحقیق، تعلیمی مطالعات، اور عالمی شخصیات کے تجزیے میں ایک اہم ماخذ کے طور پر استعمال ہوتا ہے۔


حضرت محمد ﷺ مائیکل ہارٹ کی نظر میں 



حضرت محمد ﷺ کو دنیا کی سب سے مؤثر شخصیات کی فہرست میں پہلے نمبر پر رکھنا کچھ لوگوں کے لیے حیران کن ہو سکتا ہے۔

کچھ لوگ اس فیصلے پر سوال بھی اٹھا سکتے ہیں۔ لیکن حقیقت یہ ہے کہ وہ واحد شخصیت ہیں جو مذہبی اور دنیاوی دونوں میدانوں میں مکمل کامیاب رہیں۔

بہت سادہ پس منظر کے باوجود، آپ ﷺ نے ایک عظیم دین کی بنیاد رکھی اور اسے دنیا بھر میں پھیلایا۔ 

آپ ﷺ ایک کامیاب سیاسی رہنما بھی بنے۔اور آج، وفات کے تیرہ سو سال بعد بھی، آپ ﷺ کا اثر مضبوط اور وسیع ہے۔


اس کتاب کی زیادہ تر شخصیات ترقی یافتہ اور ثقافتی مراکز میں پیدا ہوئیں۔وہ ایسے ممالک میں رہے جو سیاست، تجارت اور علم کے بڑے مرکز تھے۔

لیکن حضرت محمد ﷺ سن 570 میں مکہ میں پیدا ہوئے، جو اس وقت پسماندہ علاقہ سمجھا جاتا تھا۔یہ جگہ بڑے تجارتی اور علمی مراکز سے دور تھی۔

آپ ﷺ چھ سال کی عمر میں یتیم ہو گئے تھے۔آپ کی پرورش سادہ حالات میں ہوئی۔روایات کے مطابق آپ ﷺ لکھنا پڑھنا نہیں جانتے تھے۔ 

پچیس سال کی عمر میں ایک مالدار خاتون سے شادی کے بعد آپ ﷺ کے معاشی حالات بہتر ہوئے۔

 لیکن چالیس سال کی عمر تک کوئی ظاہری بات ایسی نہ تھی جو آپ ﷺ کی غیر معمولی شخصیت کو ظاہر کرتی۔


اس وقت زیادہ تر عرب بت پرست تھے۔ وہ کئی خداؤں کو مانتے تھے۔ مکہ میں چند یہودی اور عیسائی بھی رہتے تھے۔ 


شاید انہی لوگوں سے آپ ﷺ نے ایک خدا کے تصور کے بارے میں پہلی بار سنا۔


چالیس سال کی عمر میں آپ ﷺ پر یہ یقین قائم ہوا کہ ایک ہی سچا خدا، اللہ، آپ ﷺ سے ہم کلام ہو رہا ہے۔ 


فرشتہ جبرائیل کے ذریعے اللہ نے آپ ﷺ کو اپنا پیغام پہنچایا۔ اور آپ ﷺ کو سچا دین دنیا تک پہنچانے کا حکم دیا۔


تین سال تک محمد ﷺ نے صرف اپنے قریبی دوستوں اور خاندان والوں کو دین کی دعوت دی۔

 پھر تقریباً 613 میں آپ ﷺ نے کھل کر عوام میں تبلیغ شروع کی۔ 

جب کچھ لوگ ایمان لانے لگے تو مکہ کے سرداروں نے آپ ﷺ کو خطرہ سمجھنا شروع کیا۔


622 میں جب حالات خطرناک ہو گئے تو آپ ﷺ نے مدینہ ہجرت کی۔مدینہ، مکہ سے تقریباً دو سو میل شمال میں تھا۔ 

مدینے کے لوگوں نے آپ ﷺ کو اہم سیاسی قیادت کی پیشکش کی تھی۔


یہ ہجرت، یعنی ہجری، آپ ﷺ کی زندگی کا بڑا موڑ ثابت ہوئی۔ مکہ میں آپ ﷺ کے پیروکار کم تھے۔ مدینہ میں آپ ﷺ کے ساتھی بہت زیادہ تھے۔

اور جلد ہی آپ ﷺ ایسا اثر و رسوخ حاصل کر چکے تھے جو آپ ﷺ کو ایک مضبوط حکمران بنا دیتا تھا۔


اگلے چند سالوں میں مکہ اور مدینہ کے درمیان کئی جنگیں ہوئیں ۔اسلام تیزی سے پھیل رہا تھا۔ 630 میں یہ جنگیں اس وقت ختم ہوئیں جب محمد ﷺ فتح کے ساتھ مکہ واپس آئے۔ 


باقی ڈھائی سال میں تقریباً پورے عرب میں لوگ بڑی تعداد میں اسلام قبول کرتے گئے۔ 632 میں جب آپ ﷺ کا وصال ہوا، آپ ﷺ پورے جنوبی عرب کے موثر حکمران تھے۔


عرب کے بدوی قبائل جنگجو سمجھے جاتے تھے۔ لیکن ان کی تعداد کم تھی۔ایک دوسرے سے لڑنے کی وجہ سے وہ بڑی سلطنتوں کا مقابلہ نہیں کر پاتے تھے۔ 


لیکن تاریخ میں پہلی بار محمد ﷺ نے انہیں ایک قوم بنایا۔ ایک خدا پر ایمان نے ان میں نئی طاقت پیدا کر دی۔


اب یہی چھوٹی عرب فوجیں عظیم فتوحات کا آغاز کر رہی تھیں۔

عرب کے شمال مشرق میں طاقتور ساسانی سلطنت تھی۔ 


شمال مغرب میں بازنطینی رومن سلطنت تھی، جس کا مرکز قسطنطنیہ تھا۔ تعداد کے لحاظ سے عرب فوجیں کمزور تھیں۔ لیکن میدان جنگ میں نتیجہ بالکل مختلف تھا۔


مسلمانوں نے تیزی سے عراق، شام اور فلسطین فتح کر لیے۔ 642 تک مصر بھی رومی سلطنت سے چھین لیا گیا۔ ساسانی فوجیں 637 کی قادسیہ اور 642 کی نہاوند کی جنگوں میں مکمل شکست کھا گئیں۔


محمد ﷺ کے قریبی ساتھیوں، یعنی سیدنا ابوبکرؓ اور سیدنا عمرؓ کی قیادت میں ہونے والی یہ عظیم فتوحات بھی عربوں کی پیش قدمی کا آخری مرحلہ نہیں تھا۔


711 تک عرب فوجیں پورے شمالی افریقہ کو عبور کر کے اٹلانٹک تک پہنچ گئیں۔ پھر وہ شمال کی طرف مڑیں اور جبل الطارق عبور کر کے اسپین کی وزیگوت سلطنت کو شکست دے دیں۔


ایک وقت ایسا لگا کہ مسلمان پورے عیسائی یورپ پر غالب آ جائیں گے۔ لیکن 732 میں "جنگِ ٹورز" میں مسلمان فوج، جو فرانس کے مرکز تک پہنچ چکی تھی، فرانک قبائل کے ہاتھوں شکست کھا گئی۔


اس کے باوجود، صرف ایک صدی میں ان بدوی قبائل نے، جو نبی ﷺ کے پیغام سے مضبوط ہوئے تھے، ایک عظیم سلطنت قائم کر لی۔

یہ سلطنت بھارت کی سرحدوں سے لے کر اٹلانٹک تک پھیلی ہوئی تھی۔


اس سے پہلے دنیا نے اتنی بڑی اور تیز رفتار فتوحات کبھی نہیں دیکھیں تھیں۔ جہاں بھی مسلمان فاتح ہوئے، وقت کے ساتھ وہاں کے لوگ اسلام قبول کرتے گئے۔ 


اگرچہ ان فتوحات میں سے کچھ ہمیشہ برقرار نہ رہ سکیں۔ایران کے لوگ آج بھی اسلام کے ماننے والے ہیں، لیکن وہ عرب کے سیاسی حکمرانی سے آزاد ہو چکے ہیں۔


اسپین میں بھی سات سو سال کی طویل جنگوں کے بعد عیسائیوں نے پوری سرزمین دوبارہ حاصل کر لی۔ 


لیکن بین النھرین یعنی عراق اور مصر، جو قدیم تہذیبوں کے مراکز تھے، آج تک عرب ہی ہیں۔ شمالی افریقہ کا پورا ساحلی علاقہ بھی عرب رہا۔


اسلام کی دعوت بعد کے صدیوں میں اصل فتوحات سے کہیں آگے تک پھیلتی رہی۔ آج افریقہ اور وسطی ایشیا میں کروڑوں مسلمان موجود ہیں۔ 


پاکستان، شمالی بھارت اور انڈونیشیا میں مسلمان بڑی تعداد میں آباد ہیں۔ انڈونیشیا میں اسلام نے قوم کو جوڑنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ 


لیکن برصغیر میں مسلمانوں اور ہندوؤں کے درمیان اختلاف آج تک قومی اتحاد کی بڑی رکاوٹ ہے۔


اب سوال یہ ہے کہ محمد ﷺ کے انسانی تاریخ پر مجموعی اثر کو کیسے جانچا جائے؟ ہر دین اپنے ماننے والوں کی زندگیوں پر گہرا اثر ڈالتا ہے۔ اسی لیے دنیا کے بڑے مذاہب کے بانی ہر تاریخ میں اہم مقام رکھتے ہیں۔


دنیا میں عیسائیوں کی تعداد مسلمانوں سے تقریباً دوگنی ہے۔

اسی وجہ سے کچھ لوگوں کو حیرت ہو سکتی ہے کہ محمد ﷺ کو عیسیٰؑ سے اوپر کیوں رکھا گیا۔ اس فیصلے کی دو بڑی وجوہات ہیں۔


پہلی وجہ یہ کہ اسلام کی تشکیل اور اس کے نظام میں محمد ﷺ کا کردار عیسائیت کی تشکیل میں عیسیٰؑ کے کردار سے کہیں زیادہ ہے۔ 

عیسیٰؑ نے بنیادی اخلاقی تعلیمات دیں جو یہودیت سے مختلف تھیں۔ لیکن مسیحی عقائد کا اصل ڈھانچہ بنانے والے حضرت عیسیٰؑ نہیں بلکہ سینٹ پال تھے۔

وہی عیسائیت کی تعلیمات کو دنیا میں پھیلانے والے بڑے مبلغ تھے۔

اور نئے عہد نامے (New Testament) کا بڑا حصہ بھی انہی کی تحریر ہے۔


اس کے برعکس، محمد ﷺ خود اسلام کے عقائد اور اخلاقی اصولوں کے بانی ہیں۔ آپ ﷺ نے اسلام کی تعلیمات کو خود پھیلایا۔

آپ ﷺ نے مذہبی عبادات اور اسلامی طریقۂ زندگی کو عملی بنیاد دی۔


مزید یہ کہ قرآن، اسلام کی مقدس کتاب، براہِ راست محمد ﷺ کے فرامین پر مشتمل ہے۔ یہ وہ کلام ہے جسے آپ ﷺ نے اللہ کی وحی قرار دیا۔ 

آپ ﷺ کی زندگی میں ہی زیادہ تر وحی لکھی جا چکی تھی۔ اور وفات کے کچھ عرصے بعد اسے مکمل اور مستند شکل میں جمع کر دیا گیا۔


اسی لیے قرآن، حضرت محمد ﷺ کی تعلیمات اور ان کے الفاظ کا سب سے صحیح اور مکمل نمونہ ہے۔ حضرت عیسیٰؑ کی تعلیمات کی ایسی مفصل اور محفوظ تحریر موجود نہیں۔ 


قرآن مسلمانوں کے لیے اتنا ہی اہم ہے جتنا بائبل مسیحیوں کے لیے۔ اسی لیے قرآن کے ذریعے محمد ﷺ کا اثر انتہائی وسیع اور گہرا ہے۔


یہ کہنا مناسب ہے کہ اسلام پر محمد ﷺ کا اثر عیسائیت پر عیسیٰؑ اور سینٹ پال دونوں کے مجموعی اثر سے زیادہ ہے۔ 

صرف مذہبی نقطۂ نظر سے دیکھا جائے تو انسانی تاریخ میں محمد ﷺ کا اثر عیسیٰؑ کے اثر کے برابر، بلکہ بعض پہلوؤں میں زیادہ نمایاں نظر آتا ہے۔


 حضرت محمد ﷺ کا مقام اس لیے بھی منفرد ہے کہ آپ ﷺ دینی رہنما ہونے کے ساتھ ساتھ ایک عظیم سیاسی قائد بھی تھے۔ عرب فتوحات کے اصل محرک آپ ﷺ تھے۔ اسی لیے کہا جا سکتا ہے کہ تاریخ میں کوئی سیاسی لیڈر آپ ﷺ جتنا مؤثر نہیں گزرا۔


بہت سے تاریخی واقعات ایسے ہوتے ہیں جن کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ بہرحال ہونا ہی تھے، چاہے کوئی مخصوص لیڈر موجود ہوتا یا نہیں۔ مثلاً جنوبی امریکا کی ہسپانوی کالونیوں نے شاید سیمون بولیوار کے بغیر بھی آزادی حاصل کر لینی تھی۔


لیکن عرب فتوحات کے بارے میں ایسا نہیں کہا جا سکتا۔ محمد ﷺ سے پہلے عرب کبھی متحد نہیں ہوئے تھے۔ نہ ہی کوئی ایسی طاقت موجود تھی جو انہیں ایک بڑا لشکر بنا سکے۔ اگر محمد ﷺ نہ ہوتے تو ایسی فتوحات ممکن نہ تھیں۔


دنیا کی تاریخ میں صرف منگول فتوحات اس کے قریب سمجھی جا سکتی ہیں۔ وہ بھی زیادہ تر چنگیز خان کی قیادت کا نتیجہ تھیں۔ لیکن منگول سلطنت زیادہ دیر قائم نہ رہ سکی۔ آج منگولوں کے پاس صرف وہی علاقے ہیں جو چنگیز خان سے پہلے بھی ان کے پاس تھے۔


اس کے برعکس، عرب فتوحات نے مستقل اثر چھوڑا۔ عراق سے مراکش تک ایک پوری عرب دنیا قائم ہے۔ یہ خطے صرف اسلام کے ذریعے نہیں، بلکہ عربی زبان، تاریخ اور مشترکہ تہذیب کے ذریعے بھی جڑے ہوئے ہیں۔


قرآن اسلام کا مرکزی ماخذ ہے اور یہ عربی زبان میں نازل ہوا۔

یہی وجہ ہے کہ عربی زبان تیرہ صدیوں میں مختلف بولیوں میں بکھر کر ناقابلِ فہم شکل اختیار نہیں کر سکی۔ قرآن نے اسے ایک متحد زبان بنا کر رکھا۔


اگرچہ عرب ممالک کے درمیان اختلافات موجود ہیں، اور یہ اختلافات کبھی کبھار شدید بھی ہوتے ہیں، لیکن اس کے باوجود ان میں اہم وحدت کا عنصر برقرار ہے۔


مثال کے طور پر، ایران اور انڈونیشیا دونوں مسلمان ملک ہیں اور دونوں تیل بھی پیدا کرتے ہیں، لیکن 1973–74 کی تیل پابندی میں انہوں نے حصہ نہیں لیا۔ صرف عرب ممالک نے یہ قدم اٹھایا، اور یہ اتفاق نہیں تھا۔ یہ عرب دنیا کے باہمی رشتے اور مشترکہ موقف کی علامت تھا۔


ساتویں صدی کی عرب فتوحات کا اثر آج تک دنیا کی تاریخ میں موجود ہے۔ یہ فتوحات صرف ایک دور کا واقعہ نہیں تھیں، بلکہ انہوں نے آنے والی صدیوں کی سیاست، ثقافت اور طاقت کے توازن کو ہمیشہ کے لیے بدل دیا۔


دین اور سیاست کا یہ بے مثال امتزاج، جو محمد ﷺ کی شخصیت میں نظر آتا ہے، انہیں انسانی تاریخ کی سب سے مؤثر شخصیت بنانے کے لیے کافی ہے۔


میری نظر میں مذہبی اثر اور سیاسی اثر کا یہ حیرت انگیز ملاپ

محمد ﷺ کو انسانیت کی پوری تاریخ میں سب سے زیادہ مؤثر فرد ثابت کرتا ہے۔

خلاصہ:

مایکل ہارٹ جیسے مورخین کے تجزیے سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ محمد ﷺ کا اثر صرف مذہبی نہیں بلکہ سیاسی، ثقافتی اور سماجی میدانوں میں بھی نمایاں ہے۔ قرآن اور سنت کے ذریعے ان کی تعلیمات آج بھی دنیا بھر میں کروڑوں انسانوں کی زندگیوں پر اثر ڈال رہی ہیں۔


اگر آپ تاریخ، مذہب اور انسانی اثر و رسوخ کے بارے میں مزید جاننا چاہتے ہیں تو ہمارے بلاگ پر رہیں اور ایسے ہی معلوماتی اور تجزیاتی مضامین پڑھتے رہی


ضرور پڑھیں:

اس بلاگ پوسٹ میں دیے گئے اقتباسات اور حوالہ جات غیر مسلم مصنف کی کتاب یا تحریر سے لیے گئے ہیں۔ ہم نے صرف وہ حصے پیش کیے ہیں جن میں مصنف نے انصاف اور ایمانداری کے ساتھ اسلام، قرآن مجید اور نبی کریم حضرت محمد ﷺ کے بارے میں مثبت اور سچائی پر مبنی رائے دی ہے۔ ہم یہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ ان کتابوں یا مصنفین کی تحریروں میں کئی مقامات پر تعصب، غلط فہمیاں اور اسلام مخالف خیالات بھی پائے جاتے ہیں، جنہیں ہم بحیثیت مسلمان نہ تسلیم کرتے ہیں اور نہ ہی ان کی تائید کرتے ہیں۔ہمارا مقصد صرف یہ ہے کہ دنیا کے سامنے وہ حقائق رکھے جائیں جہاں غیر مسلم قلم کاروں نے سچائی اور انصاف کے ساتھ اسلام کو بیان کیا ہے۔

اس تحریر کو شیئر کریں تاکہ ایمان کی یہ روشنی دوسروں تک بھی پہنچے۔

● کمنٹ میں لکھیں: کون سا قول آپ کے دل کو سب سے زیادہ چھو گیا؟

مزید اسلامی شخصیات کے اقوال، کہانیاں، اور سیرت کے موتی پڑھنے کے لیے لنک پر کریں۔


ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے